بیان میں ٹائپنگ کی غلطی ہوئی، وی پی این کو غیر شرعی یا ناجائز نہیں کہا: علامہ راغب نعیمی


اسلام آباد میں علامہ طاہر اشرفی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے استعمال کے حوالے سے آج کونسل کا اجلاس ہوا، آج کے اجلاس میں طے ہوا کہ سوشل میڈیا اپنے خیالات کے اظہار کا ذریعہ ہے، مسلمان پر لازم ہے اس کا استعمال اچھے مقاصد کے لیے استعمال کرے، سوشل میڈیا کو جھوٹ فریب، غیر اخلاقی غیر شرعی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا اسی طرح وی پی این کا استعمال بذات خود غلط نہیں لیکن وی پی این غیر اخلاقی، غیر شرعی، انارکی پھیلانے کے لیے استعمال کیا جائے تو یہ عمل غیر شرعی ہوگا۔

علامہ راغب نعیمی نے کہا کہ ہر شہری کو آزادی اظہار کا حق ہے یہ حق انہیں دیا جانا چاہیے، وی پی این کو کسی نے حرام نہیں کہا وی پی این کو کسی نے غیر شرعی قرار نہیں دیا، وی پی این سے متعلق بیان میں ٹائپنگ کی غلطی ہوئی تھی۔