لبنان اور غزہ کے لئے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری طور پر بھیجنے کی ہدایت،وزیراعظم

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے لبنان اور غزہ کے لئے امدادی سامان کے دو ہوائی جہاز فوری طور پر بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔۔ غزہ، فلسطین اور لبنان میں پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہوائی راستے کے علاوہ زمینی راستے سے بھی ٹرکوں کے ذریعے امدادی سامان روانہ کیا جائے۔ وزیراعظم نے امدادی سامان کی ترسیل کی رفتار تیز تر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے ۔ انھوں نے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے فلسطین لبنان، اردن اور مصر میں تعینات پاکستانی سفراء سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی اور پاکستانی عوام بالخصوص صاحب ثروت افراد سے ایک بار پھر اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر وزیراعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان میں عطیات جمع کروائیں ۔ محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ برائے غزہ و لبنان کے حوالے سے بھرپور آگہی مہم چلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملک سے باہر مقیم پاکستانی آئی بین نمبر
IBAN:PK11SBPD000000111111429
میں عطیات جمع کروا کر اپنے فلسطینی اور لبنانی بہن بھائیوں کی مدد میں حکومت کا ساتھ دیں ۔ اجلاس کو لبنان و غزہ میں پاکستان کی جانب سے امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان کی جانب سے غزہ و لبنان میں اسرائیلی جارحیت سے متاثرہ بہن بھائیوں کے لئے سردی سے بچانے والے خیمے ، کپڑے، کمبل ، ادویات اور اشیائے خور و نوش بھجوائی جا رہی ہیں ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملوں اور محاصروں کے باعث فلسطین اور لبنان کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان کی فراہمی میں دشواری کا سامنا ہے ۔ جو این جی اوز غزہ اور لبنان کے متاثرین کے لیے امدادی سامان بھجوانا چاہتی ہیں انہیں امدادی سامان کی ترسیل کے حوالےسے حکومت پاکستان کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔