ایران کے اعلی سطحی تجارتی وفد کا دورہ لاہور چیمبر، بزنس تھنک ٹینک قائم کرنے پر اتفاق
لاہور، 26 اگست 2024 — ایک اعلیٰ سطحی ایرانی وفد نے ایران کے قونصل جنرل محترم مہران مواحدفرکی سربراہی میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جس کا مقصد دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنا تھا۔ لاہور چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری نے استقبالیہ خطاب پیش کیا جبکہ ایرانی قونصل جنرل محترم مہران مواحدفر، تمیم آئل، گیس اور پیٹرو کیمیکل انویسٹمنٹ کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل اور آئی ٹی پی او (ٹی ڈیپ کی طرز کا ایرانی ادارہ) کے سابق سی ای او ڈاکٹر بابک افہی ، اور ایرانی کمرشل اتاشی مراد نماتی زرگران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔دونوں اطراف نے ایک بزنس تھنک ٹینک قائم کرنے پر اتفاق کیا جو دونوں ممالک کو درپیش معاشی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل پر کام کرے گا۔ ڈاکٹر بابک افہی نے بتایا کہ ان کا گروپ مختلف مینوفیکچرنگ سیکٹرز میں سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی تاجر پاکستان بالخصوص پنجاب کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر اقتصادی تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران کو ایک دوسرے سے کاروباری تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجر ایرانی کمپنیوں کے ساتھ مل کر پیٹرو کیمیکل اور ایل پی جی سیکٹرز میں تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر ظفر محمود چودھری نے ایکسپورٹ بیسڈ مشترکہ منصوبہ سازی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ دوطرفہ تجارتی حجم بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی کھپت کے باعث تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کی بڑی مانگ ہے۔ ایرانی کمپنیاں پاکستان میں ان مصنوعات کی برآمد اور پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے آئل ریفائنریز قائم کرنے کے مواقع کا جائزہ لے سکتی ہیں۔لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ حالیہ اقتصادی سروے کے مطابق پاکستان میں جولائی 2023 سے مارچ 2024 کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی کھپت 12 ملین میٹرک ٹن سے تجاوز کر چکی ہے اور زیادہ تر کھپت ٹرانسپورٹ سیکٹر میں ہوئی ہے جس کے پیش نظر اس شعبہ میں ایرانی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے غیر رسمی راستوں سے ایران سے تیل، ڈیزل، ایل پی جی اور پیٹرو کیمیکلز کی درآمد کے مسئلے پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے پاکستانی غذائی مصنوعات، خاص طور پر چاول کے بدلے میں ایرانی تیل اور پیٹرو کیمیکل مصنوعات کے تبادلے کے لیے بارٹر تجارت کے طریقہ کار کے نفاذ کی تجویز دی۔ظفر محمود چودھری نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے اور تجارتی وفود و سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کی ضرورت پر بھی زوردیا۔ انہوں نے لاہور چیمبر کے ممبران پر زور دیا کہ وہ ایرانی ہم منصبوں کے ساتھ بی ٹو بی میٹنگز کریں۔ ایرانی قونصل جنرل نے وفد کا گرمجوشی سے استقبال کرنے پر لاہور چیمبر کا شکریہ ادا کیا۔
