اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اپنے آبائی شہر میاں چنوں پہنچ گئے
پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں چیمپئن کا اعزاز حاصل کرنے والے ارشد ندیم اپنے گھر پہنچ گئے ۔ عوام کی کثیر تعدادنے قومی ہیرو کو اپنے حصار میں گھر پہنچایا، اس موقع پر ارشد ندیم کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور پتیاں نچھاور کیں گئیں۔ ارشد ندیم کی والدہ نے بیٹے کو خوش آمدید کہا اور گلے لگایا،ماں بیٹے کی خوشی دیدنی تھی۔ ارشد ندیم نے فقیدالمثال استقبال پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ استقبال کرنے والے لوگوں نے قومی پرچم تھام رکھے تھے ،فضاء پاکستان زندہ باد، ارشد ندیم زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔
لاہور سے میاں چنوں کے سفر کے دوران مختلف مقامات پر ارشد ندیم کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ساہیوال بائی پاس پر شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاورکیں اور پاکستان زندہ باد،ارشدندیم زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شہریوں نے کہا کہ ارشدندیم نے پاکستان کا سرفخر سےبلندکیا،ہم دنیا کو دکھا رہے ہیں کہ ملک و قوم کا نام روشن کرنے والوں کا کیسے استقبال کیا جاتا ہے۔
لاہور سے روانگی کے بعد ارشد ندیم ، انکے اہلخانہ اور دوست احباب نے ملتان روڈ پر پھول نگر میں ناشتہ کیا۔۔قومی ہیرو کی موجودگی کا پتہ چلنے پر علاقے کے لوگ بڑی تعداد میں ہوٹل امڈ آئے، ڈھول کی تھاپ پر والہانہ استقبال کیا اور ارشد ندیم کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ ارشدندیم انفرادی مقابلوں میں اولمپک گولڈمیڈل جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں۔ارشدندیم نے پیرس اولمپکس جیولین تھرو میں طلائی تمغہ جیت کرتاریخ رقم کی اور92.97 میٹرکی تھرو کرکے اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔ارشدندیم نے 40سال بعدپاکستان کو گولڈمیڈل دلوایا ہے۔۔