انڈسٹری کے لیے ایم ڈی آئی چارجز فوری ختم کیے جائیں: عدنان خالد بٹ

لاہور۔ 13اگست ۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر عدنان خالد بٹ نے تاجروں کے ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ آئی پی پیز کو سہولیات دینے کے بجائے ایم ڈی آئی چارجز جیسے ظالمانہ اقدامات نہ اٹھائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انڈسٹری کو فوری طور ریلیف دینے کے لیے میکسیمم ڈیمانڈ انڈیکیٹر فکسڈ چارجز کی شرط ختم کرے کیونکہ اس کے تحت صنعتی یونٹ بند کردینے کی صورت میں بھی چارجز ادا کرنے پڑتے ہیں۔ عدنان خالد بٹ نے کہا کہ آئی پی پیز کو کپیسٹی چارجز کی مد میں ادائیگیوں کی وجہ سے پاکستان میں بجلی خطے میں سب سے مہنگی ہوچکی ہے۔ فیکٹری چلنے کی صورت میں تو بل ادا کرنا ہی ہوتا ہے لیکن اگر فیکٹری بند بھی ہوجائے تو بھی میکسیمم ڈیمانڈ انڈیکیٹر فکسڈ چارجز ادا کرنا ہونگے جوان پٹ کاسٹ پر اضافی بوجھ ہے، بین الاقوامی اور مقامی سطح پر معاشی بحران کی وجہ سے پہلے ہی انڈسٹری کی پروڈکشن میں کافی کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر لوڈ کپیسٹی کم ہے تب بھی اضافی فکسڈ چارجز کا نفاذ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کے پیش نظر انڈسٹری کو ریلیف کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے فعال کردار کے بغیر معاشی چیلنجز سے نمٹنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات اٹھانے کے بجائے انڈسٹری کے لیے انرجی کی قیمتیں کم کی جائیں جس سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات بہتر مقابلہ کرنے قابل ہوسکیں گی۔