ایران کا اسماعیل ہنیہ کے قتل پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان
ایران نے اسماعیل ہنیہ کے قتل پر ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ کل تہران کے فلسطین اسکوائر میں ادا کی جائیگی ۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنائی اور صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں ایک میزائل حملے میں اسماعیل ہنیہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔خبر ایجنسی ارنا کے مطابق سپریم لیڈر نے ایک بیان میں کہاکہ دہشت گرد صیہونی حکومت کو اس بزدلانہ کارروائی کا جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ہماری ذمہ داری ہے کیونکہ انہیں ایران کی سرزمین پر شہید کیاگیا ہے۔ ایران کے صدر نے کہاکہ ایران دہشت گرد حملہ آوراسرائیل کو اپنی اس بزدلانہ کارروائی پر پچھتانے پر مجبور کر دے گا۔انہوں نے کہاکہ ایران اپنی علاقائی سالمیت، عزت اور وقار کا دفاع کرے گا۔انہوں نے کہاکہ اسماعیل ہنیہ کا قتل ایک گھناؤنا جرم ہے۔