کاشف انور کی سربراہی میں لاہور چیمبر کے وفد کا دورہ گوجرانوالہ
بزنس سینٹر
لاہور، 16 اگست 2024: علاقائی تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) کے صدر کاشف انور کی قیادت میں ایک وفد نے گوجرانوالہ بزنس سینٹر کا دورہ کیا۔لاہور چیمبرکے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان فریحہ یونس، راجہ حسن اختر اور عثمان نواز بھی وفد کا حصہ تھے۔گوجرانوالہ بزنس سینٹر 50 بڑی کمپنیوں کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے جو گوجرانوالہ کی انڈسٹری کی تیار کردہ مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک بڑا پلیٹ فارم ہے۔ صدر لاہور چیمبرکاشف انور نے مقامی کاروباروں کے فروغ میں گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے کردار کو سراہا۔انہوں نے شرکاءکو بتایا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے 40ہزارفعال اراکین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ پیداواری لاگت، پیچیدہ ٹیکس نظام اور مہنگائی جیسے چیلنجوں کے باوجودلاہور چیمبر مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہے۔ لاہور چیمبر نے اپنے اراکین کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اسپتالوں، تعلیمی اور دیگر اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں ۔ انہوں نے وسیع تر معاشی اہداف کے حصول میں علاقائی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر اور گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے درمیان تعاون کا فروغ نئے کاروباری مواقع کی تلاش میں مدد دے گا۔ چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام رﺅف نے سینٹر کی کارکردگی پر ایک جامع جائزہ پیش کیا۔انہوں نے بتایا کہ گوجرانوالہ بزنس سینٹر بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن چکا ہے جس نے پچھلے چھ ماہ میں 25 سے زیادہ بین الاقوامی وفود کی میزبانی کی ہے۔ ان دوروں نے موجودہ کاروباری تعلقات کو مضبوط کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت مصنوعات سری لنکا، جنوبی سوڈان اور یوگنڈا کو برآمد کی جارہی ہیں۔انہوں نے گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے مستقبل کے منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سینٹر افریقہ، جنوب مشرقی ایشیا اور مشرق وسطیٰ میں منڈیوں کی تلاش میں سرگرم ہے۔ لاہور چیمبر کے وفد نے مختلف سٹالز کا دورہ بھی کیا۔ کاشف انور نے توقع ظاہر کی کہ لاہور چیمبر اور گوجرانوالہ بزنس سینٹر کے درمیان تعاون لاہور اور گوجرانوالہ دونوں کی کاروباری برادری کے لیے مفید ثابت ہوگا۔