برطانیہ کے اینڈی مرے کا پیرس اولمپکس کے بعد ٹینس کی دنیا کو خیرباد کہنے کا عندیہ
سابق عالمی نمبر ایک برطانیہ کے اینڈی مرے نے پیرس اولمپکس کے بعد ٹینس کی دنیا کو خیرباد کہنے کا عندیہ دے دیا۔ تین مرتبہ کے گرینڈ سلام فاتح اینڈی مرے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ کیریئر کا آخری ٹینس ایونٹ کھیلنے پیرس پہنچ گئے۔ اینڈی مرے پیرس اولمپکس میں ٹینس کے سنگلز اور ڈبلز ایونٹ میں برطانیہ کی نمائندگی کریں گے۔ 2008میں کیریئر کا آغاز کرنے والے 37سالہ مرے نے 2012میں لندن اولمپکس میں سوئس لیجنڈ راجر فیڈرر کو ہراکر گولڈ میڈل اپنے نام کیا ، مرے نے 2016میں رِیو اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیت کر دو اولمپک سنگلز ٹائٹل حاصل کرنے والے پہلے مرد کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ اینڈی مرے نے2012میں یوایس اوپن اور 2013اور 2016میں ومبلڈن اوپن ٹائٹلز جیتے۔