وزیرِ اعظم کی نیو یارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 79 ویں اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیرِ اعظم سے ملاقات
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیرِ اعظم رائٹ آنرایبل سر کیئر اسٹارمر سے آج نیو یارک میں ملاقات ہوئی. ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی. دونوں رہنماؤں کے مابین پاک برطانیہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں بالخصوص تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق ہوا. ملاقات میں پاکستان کی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے معاشی استحکام کے بعد ملکی معیشت کی ترقی کیلئے حکومت کے اقدامات بالخصوص ایف بی آر کی اصلاحات اور ٹیکس بیس میں اضافے پر روشنی ڈالی. وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملاقات میں موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے پاکستان کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا. وزیرِ اعظم نے پاکستان کی دھشتگردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دھشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے جس کے تدارک کیلئے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا. وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے برطانیہ کے تیسرے بڑے ملک کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور منصوبوں پر روشنی ڈالی. برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے دونوں ممالک کے عوامی روابط کے فروغ اور تبادلوں سے باہمی طور پر مفید ترقی کے اہداف کا حصول کے عزم کا اعادہ کیا.