فلسطینی جماعتوں کا باہمی اختلافات ختم اور فلسطین میں مشترکہ حکومت کے قیام پر اتفاق
مختلف فلسطینی دھڑوں نے چین میں ہونے والے مذاکرات میں اختلافات ختم کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ چین کے تعاون سے بیجنگ میں ہونے والے سہ روزہ مذاکرات میں مختلف فلسطینی جماعتوں نے حصہ لیا ۔ مذاکرت کے اختتام پر انہوں نے اختلافات ختم کرکے فلسطین کی بہبود و آزادی کے لیے مل کر کام کرنے کا اعلان کیا ۔اس حوالے سے ایک اعلامیے پر بھی دستخط کئے گئے۔ اعلامیے میں تمام فلسطینی جماعتوں نے کہا کہ غزہ میں نسل کشی سے نمٹنے اور 1967 کی سرحدوں پر مبنی ایک فلسطینی ریاست کی تشکیل کے مشترکہ مقصد کے تحت ہم مفاہمت کے لیے تیار ہیں۔ اس موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے 14 فلسطینی دھڑوں کی جانب سے فلسطین پر حکومت کرنے کے لیے ایک عبوری قومی مفاہمتی حکومت کے قیام کے معاہدے کا خیر مقدم کیا ۔ بیجنگ میں دھڑوں کی طرف سے بیجنگ اعلامیہ پر دستخط کرنے کے بعد وانگ ژی نے کہا کہ سب سے نمایاں پیش رفت جنگ کے بعد کے غزہ کی حکمرانی کے لیے ایک قومی مفاہمتی حکومت کی تشکیل کا معاہدہ ہے۔