ابوظبی پورٹس کراچی بندرگاہ میں 25کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی
ابوظبی پورٹس پاکستان ، کراچی بندرگاہ میں 25کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔اسلام آباد میں ابوظبی پورٹس پاکستان کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر خرم عزیز خان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی اور سرمایہ کاری سے متعلق امور کے بارے میں بریف کیا۔انہوں نے بتایا کہ 13کروڑ ڈالر کی لاگت سے جدید کثیر المقاصد ٹرمینل آئندہ دو برس میں مکمل ہو گا۔وفد نے کراچی بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل کی اپ گریڈیشن منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا۔نئے انفراسٹرکچر کی تعمیر سے ایک لاکھ 20 ہزار ٹن تک کے مال بردار جہاز لنگر انداز ہو سکیں گے جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔اس موقع پروزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ابوظبی پورٹس کے ساتھ معاہدے کا مقصد شفافیت، استعداد کار میں اضافہ اور پورٹ آپریشنز کی بہتری ہے۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید مشینری کو بروئے کار لاتے ہوئے بندرگاہ پر سامان اور کنٹینرز کا انتظام بہتر کیا جائے۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ منصوبہ فعال بنانے اور ٹرمینل سے سامان کی ترسیل بہتر کرنے کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے۔